بھٹکل 31 جنوری (ایس او نیوز) تعلقہ کے بینگرے نیشنل ہائی وے پر دو موٹر بائک کے درمیان ہوئی ٹکر میں ایک خاتون ہلاک ہوگئی جبکہ دیگر تین زخمی ہوگئے۔ جن میں سے دو کو بھٹکل سرکاری اسپتال کے بعد کنداپور شفٹ کیا گیا ہے۔
مہلوک خاتون کی شناخت ماستی شنکر دیواڑیگا (48) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
پتہ چلا ہے کہ مرڈیشور کے رہائشی ماستی اور اس کا شوہر شنکر دیواڑیگا ایک بائک پر سوار تھے جبکہ دوسری بائک پر ہوناور کے بھائی اور بہن سوار تھے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق مہلوک ماستی دیواڑیگااپنے شوہر کی بائک پر سوار کائیکنی سے اپنی ماں کے گھر بینگرے جارہی تھی۔ ہائی وے سے بینگرے کراس پر ان کی بائک مڑ ہی رہی تھی کہ اچانک پیچھے سے آنے والی تیز رفتار بائک ان کی بائک سے ٹکرا گئی۔ ٹکر لگتے ہی دونوں بائک سڑک پر گر گئی چونکہ ماستی دیواڑیگا بائیک کی پچھلی سیٹ پر سوار تھی، پیچھے سے ٹکر لگنے پر وہ شدید زخمی ہوگئی اور اس نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔
ہوناور سے تعلق رکھنے والے بھائی اور بہن ہوناور سے بھٹکل جارہے تھے۔ دونوں کو شدید زخمی حالت میں کنداپوراسپتال شفٹ کیا گیا ہے۔ پتہ چلا ہے کہ زخمی شنکر کو معمولی چوٹیں آئی ہیں اور اسے شرالی سرکاری اسپتال میں ایڈمٹ کیا گیا ہے۔
اطلاع ملتے ہی مرڈیشور پولس جائے وقوع پر پہنچی اور جائزہ لیا۔